جون 14, 2026

کوٹ رادھا کشن کے معروف سینئر صحافی اسماعیل ادیب کمبوہ مرحوم کی 23 ویں برسی 14 جون کو منائی جائے گی

سرائےعالمگیر(ڈاکٹر تصور حسین مرزا) معروف سینئر صحافی اسماعیل ادیب کمبوہ مرحوم کوٹ رادھا کشن کی 23 ویں برسی 14 جون کو پریس کلب کوٹ رادھا کشن میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اور ان کے مرحومین ساتھی صحافیوں کے ایصالِ ثواب کیلئے خصوصی دعائے مغفرت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تعزیتی تقریب کا اہتمام پریس کلب کوٹ رادھا کشن میں کیا جائے گا جس میں صحافی، کالم نگار، ادبی اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔تقریب کے دوران اسماعیل ادیب مرحوم کے دیرینہ ساتھی اور ہم عصر صحافی ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

مقررین ان کی صحافتی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتائیں گے کہ کس طرح انہوں نے مشکل حالات میں بھی حق اور سچ کا علم بلند رکھا۔اسماعیل ادیب مرحوم اپنے دور کے ایک بے باک، مخلص اور نڈر صحافی تھے۔ انہوں نے روزنامہ زمیندار، مشرق، جہاں نما، کوہستان، امروز، سعادت اور دیگر نامور قومی اخبارات کے ساتھ وابستہ رہ کر اپنی جاندار تحریروں کے ذریعے مظلوموں کی آواز کو متعلقہ ایوانوں تک پہنچایا اور معاشرتی اصلاح میں ایک تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کی صحافتی خدمات نوآموز صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ برسی کی اس تقریب کے اختتام پر مرحوم کے بلند درجات اور ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعا بھی کی جائے گی