جون 10, 2026

ضلع گجرات کا بڑا اعزاز: ممتاز عالمِ دین پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی قرآن بورڈ پنجاب کے ممبر نامزد، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ضلع گجرات کی معروف و ممتاز مذہبی شخصیت اور مایہ ناز عالمِ دین پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی کو قرآن بورڈ پنجاب کا ممبر نامزد کر دیا گیا ہے۔ اس باوقار تقرری کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی اس سے قبل وفاقی سطح پر ‘اسلامی نظریاتی کونسل’ کے ممبر کے طور پر بھی ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے چکے ہیں، اور ان کا شمار ضلع گجرات کی انتہائی معتبر اور امن پسند علمی و مذہبی شخصیات میں ہوتا ہے۔

پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی کو قرآن بورڈ پنجاب کا ممبر بننے اور نئی اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر ضلع بھر کی مذہبی، سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کے علاوہ سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ معززینِ علاقہ نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی ہمیشہ کی طرح اپنی یہ نئی ذمہ داری بھی انتہائی احسن اور مؤثر طریقے سے نبھائیں گے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس اہم منصب پر رہتے ہوئے وہ قرآنِ پاک کی ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ ضلع گجرات اور صوبے بھر میں بین المسالک ہم آہنگی اور امن و امان کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار جاری رکھیں گے۔