کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) گیپکو سب ڈویژن نمبر 1 کھاریاں کے کریالہ فیڈر کے زیرِ انتظام علاقہ یونین کونسل آف ڈوگہ کے باہر اہل محلہ کی بجلی کے لیے نصب کیا گیا ٹرانسفارمر غائب ہو چکا ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید ترین مشکلات کا شکار ہیں۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ ٹرانسفارمر خراب ہوا تھا، جس پر واپڈا حکام کو مطلع کیا گیا۔ واپڈا کا عملہ خراب ٹرانسفارمر کو اتار کر اپنے ساتھ لے گیا، لیکن طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال نیا یا مرمت شدہ ٹرانسفارمر موقع پر نصب نہیں کیا جا سکا۔ اس غفلت کی وجہ سے شہری شدید گرمی کے موسم میں دور دراز کے علاقوں سے تاریں کھینچ کر بجلی حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔
اہل محلہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹرانسفارمر کی واپسی کے لیے واپڈا آفس کے بار بار چکر لگا چکے ہیں اور متعلقہ افسران سے رجوع کر چکے ہیں، لیکن ان کی فریاد پر کوئی کان نہیں دھر رہا اور ٹرانسفارمر نصب کرنے میں مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تصویر میں نظر آنے والا ٹرانسفارمر واٹر سپلائی کا ہے، جبکہ ان کا رہائشی ٹرانسفارمر تاحال غائب ہے۔ اہل محلہ نے واپڈا کے اربابِ اختیار اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل آف ڈوگہ کے مکینوں کی اذیت کو ختم کرتے ہوئے ان کا ٹرانسفارمر فوری طور پر نصب کیا جائے۔





