فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کا آغاز آئندہ چند روز میں ہوگا۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا فٹبال ورلڈکپ ہے جس میں 48 ٹیمیں اور 1248 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ 4 ٹیموں پر مشتمل ہے جبکہ مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ دنیا بھر میں مداح اس ورلڈکپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور توقع کر رہے ہیں کہ ان کی پسندیدہ ٹیم ہی اس کو جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ اب فٹبال گیمز کے لیے معروف کمپنی ای اے اسپورٹس ایف سی نے 2026 کے ٹورنامنٹ کے ممکنہ فاتح کی پیشگوئی کی ہے۔ درحقیقت یہ ویڈیو گیم کمپنی اس سے قبل 4 بار فٹبال ورلڈکپ کے فاتح کی درست پیشگوئی کرچکی ہے اور 2010 سے اس کی جانب سے دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ کے فاتح کی درست پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ 2010 میں اس نے اسپین کا نام لیا تھا، 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا اور ہر بار یہ ٹیمیں ہی ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔ اب ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں اس کمپنی نے بتایا کہ ہم نے 4 بار درست پیشگوئی کی اور اب ایک بار پھر ایسا کرنے والے ہیں، کمپنی کے مطابق 2026 ورلڈکپ کا فاتح اسپین ہوگا۔
یہ پہلی بار نہیں جب اسپین کو 2026 کا ممکنہ فاتح قرار دیا گیا ہے، اس سے قبل اوپٹا سپر کمپیوٹر نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ یہ ورلڈکپ اسپین کے نام رہے گا۔ اوپٹا سپر کمپیوٹر بنیادی طور پر کوئی روایتی فزیکل کمپیوٹر نہیں بلکہ یہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایسا ماڈل ہے جو کھیلوں کے ایونٹس کی پیشگوئیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ماڈل ڈیٹا کی بنیاد پر کسی ٹورنامنٹ کو 10 ہزار سے زائد بار ڈیجیٹل طور پر سیمولیٹ کرتا ہے اور پھر پیشگوئی کرتا ہے کہ کسی ٹیم کے ٹورنامنٹ جیتنے، فائنل میں پہنچنے یا میچ میں کامیابی کے کتنے فیصد امکانات ہوتے ہیں۔ تو اس سپر کمپیوٹر نے 10 ہزار سیمولیشنز کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈکپ اسپین جیت سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں ہر گروپ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں جائیں گی اور ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار راؤنڈ آف 32 کا آغاز ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا اختتام 12 جولائی کو ہوگا۔





