بھارتی کرکٹ ٹیم میں 15 سالہ بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بیٹر ویبھو سوریا ونشی کو شامل کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ نے ویبھو سوریا ونشی کے والدین سے سری لنکا اور برطانیہ کے دوروں پر ساتھ جانے کی درخواست کی ہے، جس کے لیے بھارتی بورڈ نے والدین کو کھلاڑی کے ساتھ جانے کے لیے خصوصی استثنیٰ دیا ہے اور بھارتی بورڈ سوریا ونشی کے والدین کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ویبھو سوریا ونشی ابھی بچوں میں شمار ہوتے ہیں اور سینئر ٹیم کو پہلی مرتبہ جوائن کر رہے ہیں، اس لیے بھارتی آفیشلز کا کہنا ہے کہ نوجوان کرکٹر کو آرام دہ محسوس کرانے کے لیے والدین کو ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس اقدام سے ویبھو سوریا ونشی کو قومی ٹیم سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل میں غیر معمولی کارکردگی کے بعد ویبھو سوریا ونشی کو بھارت کی سینئر ٹیم اور بھارتی اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔





