ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل فائر کیے گئے ہیں اور فضائی دفاعی نظام میزائل حملوں کو ناکام بنا رہا ہے، جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل لانچ کا پتا چلنے کے بعد حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند گھنٹوں میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر ہائی الرٹ پر ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران کی طرف سے میزائل فائر کرنے کا دعویٰ اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات پر کیے گئے اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ ایرانی حکام نے لبنانی دارالحکومت پر اسرائیلی حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کی وارننگ دی تھی، جبکہ دوسری جانب پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل لبنان پر حملے روک دے، ورنہ نتائج مزید تباہ کن ہوں گے۔





