وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خصوصی پیغام ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے سپرد کر دیا ہے۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایرانی سپریم لیڈر کے لیے خصوصی پیغام بھی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حوالے کیا۔ خیال رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ روز ایران کے دورے پر پہنچے تھے جہاں ان کی ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ عرب میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی تہران میں ایک مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے طریقوں پر بات کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اس سے پہلے بھی دو مرتبہ ایران کا دورہ کر چکے ہیں۔





