جون 8, 2026

مالی مشکلات صحافتی خدمات میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، پیر عبدالقیوم چشتی گولڈوی کا اتفاق پریس کلب کھاریاں کے مستحق اراکین کی فیس ذاتی طور پر ادا کرنے کا اعلان

سرائے عالمگیر ( تحصیل رپورٹر ) سرپرستِ اعلیٰ اتفاق پریس کلب کھاریاں پیر عبدالقیوم چشتی گولڈوی نے صحافتی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون اور فلاحی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اتفاق پریس کلب کھاریاں کا کوئی بھی رکن اگر مالی مجبوری یا کسی اور وجہ سے اپنی ماہانہ فیس ادا کرنے سے قاصر ہو تو وہ اپنی زندگی تک ایسے اراکین کی فیس ذاتی طور پر ادا کرتے رہیں گے۔ یہ اعلان نومنتخب صدر ڈاکٹر تصور حسین مرزا اور جنرل سیکرٹری اتفاق پریس کلب کھاریاں خان بختیار گل شہزاد کی موجودگی میں کیا گیا جس میں پیر عبدالقیوم چشتی گولڈوی نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کے حل اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ تقریب کے دوران ایک اہم تنظیمی پیش رفت بھی سامنے آئی جب جنرل سیکرٹری خان بختیار گل شہزاد نے اتفاق پریس کلب کھاریاں کے مرکزی دفتر کی چابی باقاعدہ طور پر نومنتخب صدر ڈاکٹر تصور حسین مرزا کے حوالے کر دی، جسے شرکاء نے تنظیمی ذمہ داریوں کی باقاعدہ منتقلی اور نئی قیادت پر اعتماد کے اظہار کی علامت قرار دیا۔ اس موقع پر نومنتخب صدر ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے سرپرستِ اعلیٰ پیر عبدالقیوم چشتی گولڈوی کی جانب سے کیے گئے اعلان کو صحافتی برادری کے لیے ایک قابلِ تحسین اور تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اتفاق پریس کلب کھاریاں کو صحافیوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک فعال اور مثالی ادارہ بنایا جائے گا، جس کے بعد تقریب کے اختتام پر پریس کلب کی ترقی، صحافیوں کی کامیابی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔