جون 3, 2026

تحصیل کھاریاں میں عطائیت کے خلاف کریک ڈاؤن: غیر قانونی کلینکس سیل، سخت کارروائی

کھاریاں (نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے تحصیل کھاریاں میں عطائیت کے ناسور کے خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری ہے۔ ڈپٹی ڈی ایچ او کھاریاں، ڈاکٹر اسامہ طاہر کی زیرِ قیادت محکمہ صحت کی ٹیموں نے تحصیل بھر میں غیر قانونی کلینکس، بغیر لائسنس میڈیکل سٹورز اور غیر مستند لیبارٹریز کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔

مہم کے دوران متعدد غیر رجسٹرڈ مراکز کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ عطائیوں کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر اسامہ طاہر نے واضح کیا ہے کہ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی بھی عنصر کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صحت کی حفاظت کے لیے صرف مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹرز سے ہی رجوع کریں۔ اس مہم کا مقصد تحصیل بھر میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور عطائیت کا مکمل خاتمہ ہے۔ متعلقہ حکام نے عوام سے گزارش کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی طبی مرکز کی اطلاع فوری طور پر ہیلتھ آفس کو دیں۔