اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں پیش قدمی کرتے ہوئے تاریخی ‘الشقیف قلعے’ (بیوفورٹ کیسل) پر اپنا پرچم لہرا دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قلعے کے اطراف شدید گولہ باری جاری رہی اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جس کے بعد اس تاریخی مقام پر اسرائیلی پرچم نصب کر دیا گیا۔ یہ قلعہ جنوبی لبنان کے اہم ترین ثقافتی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے مطابق اس مقام پر قبضہ جنوبی لبنان کے وسیع تر رقبے پر نگرانی کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جاری فوجی مہم میں ‘ڈرامائی تبدیلی’ قرار دیا ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ ہم اس تاریخی مقام پر ایک نئے عزم کے ساتھ واپس آئے ہیں اور اب ہم خوف کی دیوار توڑ کر ہر محاذ پر پہل کر رہے ہیں۔ یہ پیش قدمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیلی فوج نے زہرانی دریا کے جنوب اور دریائے لیطانی کے شمالی علاقوں سمیت کئی مقامات کے لیے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ الشقیف قلعہ مشرق وسطیٰ کے قدیم قلعوں میں سے ایک ہے۔ صلیبیوں نے اسے ‘بیوفورٹ’ (خوبصورت قلعہ) کا نام دیا تھا، جبکہ تاریخی اعتبار سے یہ قلعہ سلطان صلاح الدین ایوبی کی فتوحات اور بعد ازاں 1268 میں مملوک سلطان الظاہر بیبرس کی قیادت میں فتح ہونے والے اہم مقامات میں شامل ہے۔





