جون 1, 2026

گجرات پولیس کی بڑی کامیابی: پولیس پر فائرنگ کرنے والا 38 مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار ) تھانہ صدر سرائے عالمگیر کے علاقے تھون میرہ میں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کرنے والے ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران نہر کی پٹڑی سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں برآمد کر لیا گیا۔ شناخت کے بعد ملزم کا نام محمد بلال ولد محمد صدیق قوم کھوکھر سکنہ پاکپتن سامنے آیا ہے، جو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے گھٹنے پر گولی لگنے کے باعث زخمی ہوا تھا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ اسے طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال سرائے عالمگیر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم گجرات اور پاکپتن سمیت مختلف تھانوں میں ڈکیتی، رابری اور چوری کے 38 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

اس موقع پر ڈی پی او گجرات نے کہا کہ شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے لٹیروں اور ڈاکوؤں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔