جون 1, 2026

حج مشکل نہیں ، سب سے زیادہ تھکاوٹ تصاویر بنوانے کی وجہ سے ہوئی: وسیم اکرم

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اپنے تجربات پر لب کشائی کی ہے۔ وسیم اکرم نے اس سال سابق کپتان مصباح الحق اور ٹی وی پریزنٹر فخر عالم کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی وائرل رہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں فخر عالم نے وسیم اکرم سے ذیابیطس کے مریض ہونے کے ناطے حج میں پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں سوال کیا۔ اس کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ وہ اپنی فریج (freeze) کی ہوئی انسولین ساتھ لائے تھے جو 24 گھنٹے تک کارآمد رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں حج مشکل نہیں ہے، کیونکہ آپ یہاں صرف عبادت کے لیے آتے ہیں اور ہر مسلمان کے لیے زندگی میں ایک بار حج کرنا ضروری ہے۔

وسیم اکرم نے مزید بتایا کہ انہیں حج کے دوران سب سے زیادہ تھکاوٹ تصاویر بنوانے کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے کہا، "میں معافی چاہتا ہوں، مجھے سب سے محبت ہے لیکن منیٰ میں نماز سے فارغ ہوتے ہی 7 لوگ تصاویر کے لیے کھڑے ہو جاتے تھے۔” آخر میں انہوں نے اپنے حج کے تجربے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مقدس سفر میں سب کے لیے خصوصی دعائیں کی ہیں۔