جون 1, 2026

امریکا کا ایران کے خلاف بڑا اقدام، 1 ارب ڈالر کے کرپٹو اثاثے ضبط کر لیے

واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ریگن نیشنل اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو کرنسی اثاثے ضبط کر لیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی سخت معاشی مہم کا ہی ایک حصہ ہے۔

آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جو بھی اقدامات کیے جائیں گے، وہ بتدریج ہوں گے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ عمان نے آبنائے ہرمز پر ٹیکس نہ لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم ایران کی مدد کرنے پر عمان کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ جوہری مذاکرات کے امکان پر وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ پہلی بار ایران نے جوہری موضوع پر بات چیت کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب، ایران نے ان دعوؤں کی تردید کر دی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ اب تک کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور ایران اپنے جوہری پروگرام پر کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ وہ ایران کے معاملے پر حتمی فیصلہ کرنے جا رہے ہیں اور شرط عائد کی ہے کہ ایران کو ہر صورت جوہری ہتھیاروں کے حصول سے دستبردار ہونا ہوگا۔