بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے کیے گئے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چین اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اولیت دیتا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امن کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے ایک طرفہ اقدامات اور سرد جنگ جیسی ذہنیت کی مخالفت کرتے ہوئے سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب لی چیانگ سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین شراکت داری کو نئے مرحلے میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دورے کے دوران سرمایہ کاری، زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 15 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آہنی دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔





