جولائی 17, 2026

منڈی بہاؤالدین: عیدالاضحیٰ پر سیکورٹی اور صفائی کے فول پروف انتظامات کا فیصلہ، ون ویلنگ اور نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ

منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور)عیدالاضحیٰ کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس، ممتاز علمائے کرام، ممبران امن کمیٹی و اتحاد بین المسلمین سمیت دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عید کے موقع پر امن و امان کے قیام، صفائی ستھرائی اور قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اور پارکوں سمیت تمام اہم مقامات پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ عید گاہوں، قبرستانوں اور پارکس میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، جبکہ جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھانے کے لیے تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ حکومتِ پنجاب کی سخت ہدایات کے مطابق عید کے دنوں میں شاہراہوں پر ون ویلنگ کرنے، اور نہروں و دریاؤں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی عائد ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع منڈی بہاؤالدین امن و امان کے لحاظ سے ہمیشہ ایک مثالی ضلع رہا ہے، جہاں تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان مثالی اتفاقِ رائے اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ عیدالاضحیٰ اور اس کے بعد آنے والے محرم الحرام کے دوران بھی تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مشائخ اور ذاکرین عوام الناس میں محبت، اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قربانی کی کھالیں صرف حکومت سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ تنظیموں کو مخصوص کردہ جگہوں پر ہی اکٹھی کرنے کی اجازت ہوگی اور کھالوں کی بکنگ کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ اجلاس کے اختتام پر علمائے کرام نے اپنی تجاویز پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے فوری عمل درآمد اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔