ستمبر 12, 2026

کھاریاں: اسسٹنٹ کمشنر شیر احمد گوندل کی پریس کلب کے وفد سے ملاقات، شہری مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار )اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں شیر احمد گوندل کی کھاریاں پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات منعقد ہوئی جس میں شہرِ کھاریاں کو درپیش اہم مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
میٹنگ کے دوران شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، ٹریفک کے مسائل، سڑکوں کی خستہ حالی، نکاسی آب اور عوامی شکایات جیسے امور زیرِ بحث آئے۔ اسسٹنٹ کمشنر شیر احمد گوندل نے کہا کہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور میڈیا کا مثبت کردار معاشرے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔


پریس کلب کے نمائندگان نے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں موجود مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے عوامی مشکلات کو اجاگر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافتی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ شہر کی بہتری کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
میٹنگ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں شہری فلاح و بہبود اور کھاریاں کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا گیا