کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) ڈی پی او گجرات کی خصوصی ہدایت پر گجرات اور کھاریاں سرکل پولیس کا منشیات فروشوں، سماج دشمن عناصر اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کھاریاں سرکل کے تھانہ گلیانہ اور تھانہ صدر کھاریاں کی پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 10 لیٹر شراب اور پسٹل 9 ایم ایم برآمد کر لیا ہے۔

ترجمان گجرات پولیس کے مطابق، پہلی کاروائی میں ایس ایچ او (SHO) تھانہ گلیانہ انسپکٹر سید عباس علی شاہ نے سب انسپکٹر (SI) نبی احمد اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزم منیب حسن ولد نذر محمد (ساکن کلک) کو دھر لیا، جس کے قبضے سے ایک عدد ناجائز پسٹل 9 ایم ایم برآمد ہوا۔ دوسری کاروائی میں ایس ایچ او (SHO) تھانہ صدر کھاریاں نے انچارج چوکی برنالی اے ایس آئی (ASI) محمد شعبان کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزم وحید احمد ولد محمد حیات (ساکن منڈیر) کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 10 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی۔ پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔





