تفصیلات:
کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن "صاف ستھرا پنجاب” کے تحت کھاریاں شہر اور مضافات میں صفائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں محلہ عزیز پورہ کی ایک حویلی میں طویل عرصے سے موجود گندگی کے ڈھیروں اور تعفن کے خلاف میڈیا پر اٹھائی جانے والی عوامی آواز اور خبر پر مقامی انتظامیہ نے فوری اور مؤثر ایکشن لیا ہے۔ خبر نشر ہوتے ہی انتظامیہ نے بھاری مشنری اور عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر حویلی اور اس کے اطراف سے گندگی کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔
عوامی مسائل کے فوری حل اور صفائی کی اس شاندار کارروائی پر کھاریاں کے شہری اور عوامی حلقوں نے انتظامیہ کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی مشکلات پر اس طرح کا فوری رسپانس انتہائی قابلِ ستائش ہے اور اس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ عوامی حلقوں نے خاص طور پر سینٹری انسپکٹر رضوان سلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کھاریاں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دن رات فیلڈ میں رہ کر قابلِ تعریف خدمات انجام دے رہے ہیں، جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔





