جہلم (رپورٹ: محمد زاہد خورشید) سپر ہومیو سٹور اور کمل لیبارٹری کے زیر اہتمام دارالحکومت اسلام آباد میں "امپریکا میڈیکا” کے عنوان سے ایک روزہ علمی و تربیتی لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہومیوپیتھی کے نامور معالج اور لیجنڈ ڈاکٹر علی محمد نے خصوصی لیکچر دیا۔ اس معلوماتی اور تربیتی سیشن میں ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کی اہمیت کو بڑھانے کے لیے ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن (HDF) کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

پروگرام میں HDF کے صوبائی اور ضلعی قائدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں صوبہ پنجاب سے HDF کے صدر ڈاکٹر انوار الحق ستی، HDF کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فدا حسین، راولپنڈی و اسلام آباد کے نائب صدر ڈاکٹر حزب اللہ خان، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر کاشف محمود ستی اور سینئر ہومیوپیتھک ڈاکٹر یار محمد عامر نمایاں طور پر شامل تھے۔ ڈاکٹر علی محمد نے اپنے لیکچر کے دوران کلینکل پریکٹس کو بہتر بنانے، مشکل ترین کیسز کے حل اور بانیِ ہومیوپیتھی ڈاکٹر ہنیمن کے فلسفے کے عملی اطلاق پر انتہائی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوان ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کو تاکید کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپنائیں۔ شرکاء نے اس تعلیمی نشست کو انتہائی فائدہ مند قرار دیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر گروپ فوٹو بنوایا گیا اور HDF کی تنظیم سازی کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا گیا۔





