اکتوبر 29, 2026

ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم سے اتفاق پریس کلب کھاریاں کے وفد کی ملاقات، ملک کی سلامتی اور اتحاد پر زور

سرائےعالمگیر(ڈاکٹر تصور حسین مرزا) ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے تعصب، نفرت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور قومی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے لائیو نور نیوز چینل میرپور میں اتفاق پریس کلب کھاریاں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یہ وفد چیئرمین شکایات سیل مظہر حسین ملک کی قیادت میں ڈائریکٹر سید رؤف حسین بخاری کی خصوصی دعوت پر میرپور پہنچا تھا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

وفد میں بانی و قائد محمد سلیمان قادری، سرپرستِ اعلیٰ پیر عبدالقیوم چشتی گولڑوی، سرپرست ڈاکٹر تصور حسین مرزا، چیئرمین محفوظ احمد بٹ، سینئر نائب صدر محمد ابراہیم سلیمان، جنرل سیکرٹری خان بختیار گل شہزاد، وائس چیئرمین شکایات سیل وجاہت گل اور سینئر صحافی سید سجاد بخاری شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تصور حسین مرزا، محفوظ احمد بٹ اور محمد ابراہیم سلیمان نے کہا کہ صحافتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا اور پیر عبدالقیم چشتی گولڑوی نے ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی، جس کے بعد وفد نیک تمناؤں کے ساتھ روانہ ہو گیا۔