اکتوبر 28, 2026

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈی پی او گجرات اختر فاروق کے لیے آج کا دن ایک بڑے اعزاز کا پیغام لے کر آیا، جب انہیں خدماتِ عامہ اور قومی سلامتی کے شعبے میں غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں ریاست کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز "ستارہِ امتیاز” سے نوازا گیا۔ گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران گورنر پنجاب نے صدرِ پاکستان کی جانب سے یہ تمغہ ڈی پی او اختر فاروق کو پہنایا۔ یہ اعزاز ان کی ان انتھک کاوشوں کا ثمر ہے جو انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پولیس فورس کو ایک جدید و فعال ادارہ بنانے کے لیے سرانجام دیں۔

ڈی پی او اختر فاروق نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے آپریشنز، انٹیلی جنس اور انوسٹی گیشن ونگز کو ایک مربوط قوت میں ضم کر کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کو ایک انتہائی موثر ادارے کے طور پر کھڑا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی غیر معمولی قیادت میں پشاور میں مسلسل آٹھ ماہ تک جاری رہنے والی پیچیدہ انٹیلی جنس کارروائیوں کے نتیجے میں کالعدم تحریک کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے ختم کیا گیا۔ ان کی حکمتِ عملی کی بدولت نہ صرف ایک خودکش بمبار اور اس کے سہولت کار کو گرفتار کیا گیا، بلکہ لاہور جیسے بڑے شہر میں دہشت گردی کے متعدد بڑے منصوبوں کو بھی بروقت ناکام بنا کر سینکڑوں قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔

گجرات پولیس اور عوامی حلقوں نے اختر فاروق کو یہ بڑا تمغہ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ضلع گجرات اور پوری پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ ماہرینِ دفاع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او اختر فاروق جیسے نڈر اور ذہین افسران کی موجودگی ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس اعزاز کے بعد پولیس فورس کے جوانوں میں بھی جوش و جذبے کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے، جو اپنے افسر کی اس تاریخی کامیابی کو ایک بڑی مثال قرار دے رہے ہیں۔

Share:

مزید خبریں