پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو کھیل کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ریاست کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ایک ‘ہلالِ امتیاز’ سے نوازا گیا ہے۔ ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شاہد آفریدی کو یہ تمغہ پہنایا۔
اس تاریخی موقع پر شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر اپنی اہلیہ اور صاحبزادی کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شیئر کی اور مداحوں کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے لکھا کہ صدرِ پاکستان کی جانب سے ملنے والا یہ ایوارڈ ان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے، لیکن یہ صرف ان کی ذات تک محدود نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ عوام کی محبت، دعاؤں اور بھرپور سپورٹ کو دیتے ہوئے کہا کہ "آپ لوگوں کی محبت نے ہی مجھے اس مقام تک پہنچایا ہے۔”
صدرِ پاکستان کی جانب سے ملنے والا تمغۂ امتیاز میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) May 13, 2026
یہ صرف شاہد آفریدی کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے ❤️🇵🇰
آپ لوگوں کی محبت، دعاؤں اور سپورٹ نے ہی مجھے یہاں تک پہنچایا۔
یہ ایوارڈ اُن شہداء کے نام بھی ہے جنہوں نے وطن کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔… pic.twitter.com/5f2mezG3s3
شاہد آفریدی نے اس اہم اعزاز کو وطنِ عزیز کے ان شہداء کے نام کیا جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے۔ کھیل کے حلقوں اور مداحوں کی جانب سے ‘لالہ’ کو یہ بڑا اعزاز ملنے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔





