منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) آپریشن "بنیان المرصوص” اور معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر منڈی بہاءالدین میں ایک پُروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، سول سوسائٹی اور معززین کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منڈی بہاءالدین کامران عامر خان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور حب الوطنی کے اس جذبے کو سراہا۔ تقریب کے دوران ہر طرف ملی جوش و جذبہ دیدنی تھا اور شرکاء نے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈی پی او منڈی بہاءالدین کامران عامر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "معرکہ حق بنیان المرصوص” ہماری قومی تاریخ میں اتحاد، عظیم قربانی اور بہادری کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہماری نوجوان نسل میں وطن سے محبت، غیرت اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید پروان چڑھاتی ہیں۔ منڈی بہاءالدین پولیس کی جانب سے تقریب کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہری پُرامن ماحول میں اپنی خوشیوں کا اظہار کر سکیں۔ شرکاء نے تقریب کے بہترین انعقاد اور افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو اجاگر کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔





