اکتوبر 28, 2026

تامل سپر اسٹار جوزف وجے کی سیاسی میدان میں ’بلاک بسٹر‘ کامیابی: آج تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے

شوبز کی دنیا کو عروج پر خیرباد کہہ کر سیاست میں قدم رکھنے والے سابق معروف تامل اداکار جوزف وجے آج بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی یہ پروقار تقریب چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ فروری 2024 میں اپنی سیاسی جماعت ’تامیلاگا ویٹری کازگام‘ (ٹی وی کے) بنانے والے وجے نے پہلے ہی الیکشن میں روایتی سیاسی نظام کی بنیادیں ہلا دیں اور تامل ناڈو کی 234 میں سے 108 نشستیں حاصل کر کے واحد بڑی جماعت کے طور پر ابھرے۔

​گورنر راجندر وشواناتھ نے جوزف وجے کو حکومت بنانے کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے 13 مئی تک اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وجے کو کانگریس کے 5، سی پی آئی کے 2، سی پی ایم کے 2، انڈین یونین مسلم لیگ کے 2 اور وی سی کے پارٹی کے 2 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جس کے بعد ان کے اتحاد کی مجموعی نشستیں 121 ہوگئی ہیں۔ وجے کی اس شاندار کامیابی نے حکمران جماعت ڈی ایم کے (59 نشستیں) اور اے ڈی ایم کے (47 نشستیں) کے برسوں پرانے اقتدار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ جوزف وجے 2009 سے فلاحی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے مودی سرکار کے شہریت ترمیمی قانون سمیت بے روزگاری اور بدعنوانی جیسے مسائل پر مسلسل آواز اٹھا کر نوجوانوں میں اپنی جگہ بنائی۔