اکتوبر 28, 2026

امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا ڈنگہ میں جلسہِ عام سے خطاب، ‘بدل دو نظام’ تحریک کے لیے عوامی تعاون کی اپیل

ڈنگہ (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ڈنگہ آمد کے موقع پر بڑی تعداد میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے عوام کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ جماعت اسلامی ایک دیانتدار اور عوامی خدمت پر مبنی نظام کے قیام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اور یہ وقت ہے کہ ہر باشعور شہری اس تحریک کا حصہ بنے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا پاکستان کے حالات بد سے بد تر ہو رہے ہیں۔ عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس چکی ہے۔ حکومت ایک لٹر پٹرول پر ڈیڑھ سو روپیہ کما رہی ہے۔ حکومت اپنی عیاشیاں چھوڑتی نہیں اور عوام سے کہتی ہے کہ حالات ٹھیک نہیں۔ خود ایک سہولت چھوڑنے کو تیار نہیں اور ہر قربانی عوام سے مانگی جاتی ہے۔ یہ عوام کا پیسہ لوٹنے والے عوام کی حالت کبھی درست نہیں کریں گے۔ نظام صرف جماعت اسلامی ہی بدلے گی۔ کیونکہ ہم حکومت میں نہیں پھر بھی عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہر کوشش صدق دل سے کر رہے ہیں۔ زلزلہ ہو یا سیلاب ہو یا کوئی اور آفت عوام پر آئے تو سب سے پہلے ان کی مدد کے لئے جماعت اسلامی آپ کو سامنے کھڑی نظر آئے گی اور آپ کو عوام کی مدد کرتی دکھائی دے گی۔ ہم آپ کے لئے آپ کی نسل آپ کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ خدا گواہ ہے کہ ہمارا مقصد اقتدار نہیں بلکہ ہم دل سے ملک کے حالات بدلنا چاہتے ہیں۔ عوام ہمارے ساتھ امید لگائے بیٹھے ہیں۔ 14 لاکھ سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ لی ہے۔ اب ہمیں آپ لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے تا کہ ہم صرف چہرے نہیں بلکہ نظام بدلیں اور اس تبدیلی سے ملک کی تقدیر بدلیں۔ عوام کی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈنگہ شہر کے عوام کے بھی وہی مسائل ہیں جو ملک کے دوسرے لوگوں کو در پیش ہیں۔ یہاں پر بھی تاجر طبقہ اور کسان پسا ہوا ہے۔ ہماری نوجوان نسل منشیات کا شکار ہو رہی ہے مگر حکمران آرام اور چین کی زندگی جی رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلاول بھٹو ہو یا شہباز شریف 50/50 گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ گھومتے ہیں۔ مگر پٹرول اور توانائی بچانے کے نام پر تعلیمی ادارے بار بار بند کر کے تعلیمی نظام وک تباہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیم ہو یا صحت ہر نظام تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔ ہم نے پر امن طریقے سے ”بدل دو نظام کو“ کی تحریک چلائی ہے۔ ہمیں اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نوجوانوں‘ بوڑھوں اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ہمیں مل کر ملک کا نظام بدلنا ہے۔ آپ لوگ ہمارا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ساتھ شامل ہوں۔ ان کرپٹ افراد اور کرپٹ نظام سے ملک کے حالات کبھی ٹھیک نہیں ہوں گے۔ ہم اسی نظام کی تبدیلی کے لئے نکلے ہیں۔ اب ہمیں عوام کے تعاون اور مدد کی ضرورت ہے۔ آپ ہمت کر کے آگے بڑھیں اور جماعت اسلامی میں شامل ہوں تا کہ بدل دو نظام تحریک کے ذریعے ہم ملک کا نظام بدل سکیں۔