اکتوبر 28, 2026

پنجاب حکومت کا بڑا سنگ میل: ملک کی پہلی صوبائی ‘جنرل انشورنس کمپنی’ قائم

پنجاب حکومت نے ملک بھر میں ایک بار پھر اصلاحات کے میدان میں بازی حاصل کر لی ہے اور وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب پاکستان کا وہ پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے اپنی ‘جنرل انشورنس کمپنی’ متعارف کرانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جبکہ پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) سے تیز ترین رجسٹریشن کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ لاہور میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران اس تاریخی منصوبے کی باقاعدہ منظوری دی گئی جس میں پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمپنی محکمہ خزانہ کے براہِ راست زیرِ نگرانی کام کرتے ہوئے تمام سرکاری اداروں کی ‘نان لائف’ انشورنس کی ذمہ داری سنبھالے گی، جبکہ انتظامی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے سی ای او کو ہی اس نئی کمپنی کی سربراہی سونپی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے ایک جامع ہیلتھ انشورنس پالیسی کا پلان پیش کرنے کی سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اصلاحات میں پہلے بھی آگے تھا، آج بھی آگے ہے اور ہمیشہ آگے رہے گا، اس لیے ہم ایک ایسی انقلابی پالیسی لائیں گے کہ جس شہری کا جہاں سے دل کرے وہ اپنا بہترین علاج معالجہ کروا سکے۔

​اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار انتہائی وسیع رکھا گیا ہے جس میں معاشرے کے ہر طبقے بالخصوص خواتین، کسانوں، طلبہ، خواجہ سراؤں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انفرادی اور خصوصی انشورنس پلانز تیار کیے گئے ہیں تاکہ قدرتی آفات، پنشن پروڈکٹس، ہیلتھ انشورنس اور تکافل کے ذریعے ہر خاندان کو مکمل مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ کمپنی کو مکمل طور پر پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلانے کے لیے 17 اعلیٰ ماہرین کی بھرتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ کمپنی کے امور کی نگرانی کے لیے چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس اور صدر بینک آف پنجاب پر مشتمل ایک بااختیار بورڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں انشورنس کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ہمیں بھی عالمی معیار کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے تاکہ پنجاب کے عوام کو جدید ترین سہولیات اور معاشی تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔