لاہور(پ ر ) عوامی تاجر اتحاد کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔عوامی تاجر اتحاد کی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران نے پٹرول،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں حالیہ اضافہ کو ملکی معیشت اور عوام پر براہ راست کاری ضرب قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رہنمائوں نے کہاکہ پٹرول،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے طوفان کو مزید تیز کر رہا ہے جس کے نتیجے میں عام آدمی کی قوت خرید تیزی سے کم ہو رہی ہے ۔اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین رانا محمد شکیل، ثاقب بھٹی اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث،اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جس کا براہ راست بوجھ عوام پر پڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ چھوٹے تاجر اور دوکاندار سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو سست کر دیا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی محددود کر دئے ہیں۔ صدر عوامی تاجر اتحاد جنید وارثی نے کہا ہےکہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےلئے اقدامات کئے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بحال رکھنے کےلئے پالیسیوں میں استحکام ناگزیر ہے۔سینئر نائب صدر شہزاد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو معاشی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے جس کے اثرات نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ غریب عوام پر بھی مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے تاجروں کو سہولیات، آسان ٹیکس نظام اور کاروباری تحفظ فراہم کیا جائے۔جنرل سیکرٹری عوامی تاجر اتحاد چوہدری محمد راشدنے کہا کہ مہنگائی اور بے یقینی کے ماحول میں کاروبار چلانا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بجلی کے بھاری بل، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتے ہوئے اخراجات نے تاجر برادری کو شدید دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر تاجر دوست پالیسیوں کا اعلان کرے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر مارکیٹیں فعال ہوں گی تو روزگار بڑھے گا، ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا اور معیشت مستحکم ہوگی۔ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری کو اعتماد میں لیا جائے اور فیصلوں میں ان کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے 5 مئی کو لاہور چیمبر آف کامرس میں ہونے والے خطاب کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں تاجر رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل و اہداف کےحوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، معاشی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔




