اپریل 27, 2026

’میں نے پاک بھارت ایٹمی جنگ رکوائی‘: فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے اور قابل احترام شخصیات ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے لیے خیر سگالی کا پیغام اور اہم انکشافات

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے اپنی گہری محبت اور احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا بہت احترام کرتے ہیں اور وہاں کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے اور قابل احترام شخصیات ہیں۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بڑا دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا میں 8 بڑی جنگیں روکیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی ایک ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ایٹمی تصادم کی طرف بڑھ رہی تھی جس کے دوران 11 طیارے بھی گرائے گئے، تاہم ان کی مداخلت پر پاکستان کے وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ اس اقدام سے لاکھوں جانیں بچ گئیں۔

ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور امریکہ فاتح بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے ایران کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران بات کرنا چاہتا ہے تو ہمیں فون کر سکتا ہے، ہم یہ معاملہ فون کے ذریعے حل کر لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا افزودہ یورینیم کا معاملہ مذاکرات کا لازمی حصہ ہوگا اور امید ظاہر کی کہ ایرانی قیادت دانشمندی کا مظاہرہ کرے گی۔ صدر ٹرمپ نے نیٹو (NATO) اور برطانیہ کے رویے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے میں نیٹو ہمارے ساتھ نہیں تھا، اور اب جب جنگ ختم ہو رہی ہے تو برطانیہ جہاز بھیجنے کی بات کر رہا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے چین کے حوالے سے کہا کہ وہ زیادہ مایوس نہیں ہیں لیکن چین اس معاملے میں مزید مدد کر سکتا ہے۔