اپریل 26, 2026

سرائے عالمگیر؛ کھوہار کے علاقے سے نامعلوم لڑکی کی نعش برآمد، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) تحصیل سرائے عالمگیر کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع علاقے کھوہار سے ایک نامعلوم نوجوان لڑکی کی نعش برآمد ہوئی ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ صدر اور چوکی کھوہار کے انچارج نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے تاکہ قانونی کارروائی اور شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ ابتدائی طور پر نعش کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، جس کے لیے قریبی دیہاتوں اور تھانوں میں اطلاع فراہم کر دی گئی ہے۔

علاقہ مکینوں میں اس واقعے کے بعد شدید تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ گزشتہ محض چار دنوں کے دوران مختلف واقعات میں پانچ خواتین کے قتل یا نعشیں ملنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی اصل حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں گے۔