اپریل 23, 2026

سرائے عالمگیر: پولیس کا زمین کے تنازع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار

سرائے عالمگیر ( ڈاکٹر تصور حسین مرزا) تھانہ صدر سرائے عالمگیر پولیس نے زمین کے تنازع پر ہوائی فائرنگ کرکے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے دو گروہوں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں باؤلی شریف میں فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی نگرانی میں ایس ایچ او آفتاب رسول نے پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزمان ارسلان صابر، عظمت خان اور عقل ولی کو قابو کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 عدد 12 بور بندوقیں اور کارتوس برآمد کر کے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ڈی پی او گجرات نے اس موقع پر واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ ایک سنگین جرم ہے جس سے قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں، لہٰذا اسلحہ کی نمائش اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ مقامی شہریوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو بھرپور سراہا ہے۔