وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی طرف سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر صدر ٹرمپ سے دلی اظہار تشکر کیا ہے۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ وہ اپنی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی طرف سے اس اہم فیصلے پر صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں، اور انہیں پوری امید ہے کہ فریقین تنازع کے مستقل خاتمے کے لیے اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے دور میں ایک جامع ‘امن ڈیل’ کو انجام دینے میں کامیاب ہوں گے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ دونوں فریق جنگ بندی کی پاسداری کریں گے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران پر حملے روکنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت نے ان سے ایرانی قیادت کی متفقہ تجاویز آنے تک حملے روکنے کا کہا تھا، جس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔




