ڈنگہ (پریس ریلیز) امیر جماعت اسلامی ڈنگہ شہر و سربراہ ‘ڈنگہ کو حق دو تحریک’ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے لورائے چوک کے قریب گجرات یونیورسٹی کی بس میں اسلحہ کے زور پر ہونے والی ڈکیتی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر حافظ محمد ادریس کا کہنا تھا کہ ضلع بھر سے ہزاروں طلبہ و طالبات روزانہ ان بسوں میں سفر کرتے ہیں، دن دیہاڑے ہونے والی اس واردات نے والدین اور طلبہ میں شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ضلع میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں مجرم بے خوف ہو کر تعلیمی اداروں کی گاڑیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اور سی سی ڈی تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کریں اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچا کر طلبہ کا تحفظ یقینی بنائیں۔




