اپریل 21, 2026

ڈنگہ: بلدیہ کا نکاسی آب کا منصوبہ بری طرح ناکام، 5 سے زائد محلوں کا جینا محال، شہری احتجاج پر مجبور

ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم)  گلہ کشمیریاں میں چکی کے قریب مرکزی گلی توڑنے اور داخلی گلی میں 4 جگہ سے گلی توڑ کر کراس لگانے سے پورے محلہ کا جینا حرام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پورے محلہ کشمیریاں‘ محلہ قصاباں کا پانی نالیوں سے گزر کر تھانہ روڈ کے مین نالا میں گرتا تھا۔ سڑک کی تعمیر کے باعث وہ نالا بند کیا گیا تو سارے محلہ کا پانی جوہڑوں کی شکل میں محلے میں پھیل گیا تو بلدیہ ڈنگہ نے حل نکالا کہ چکی کے قریب مین گلی توڑ دی اور اس سے ملحق داخلی گلی عطاء اللہ بٹ والی میں بھی 4 جگہ سے کراس لگایا گیا۔ بلدیہ کا کہنا تھا کہ پانی چونکہ تھانہ روڈ نالا کی طرف نہیں جا رہا تو کراس لگانے سے پانی گرلز ڈگری کالج کی طرف روانہ کیا جائے گا تا ہم بلدیہ کا یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔

نالیاں کراس ہونے سے پانی محلہ تاساں کی طرف جانے کے بجائے اب گلی کے اندر جمع ہوتا ہے۔ جس کے باعث محلہ رحمانیہ‘ محلہ قصاباں‘ محلہ کشمیریاں کے لوگوں کے لئے محلہ سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے۔ محلے میں قصابوں نے حویلیوں میں مویشی باندھے ہوتے ہیں وہ ان کا گوبر گلی میں پھینکتے ہیں تو پورے محلے میں گوبر کی بدبو پھیل جاتی ہے۔ نمازیوں کے لئے مساجد میں جانا محال ہو گیا ہے۔ طلباء و طالبات کے لئے سکولوں میں جانا بھی ممکن نہیں رہا ہے۔ بیماریاں پورے محلے میں پھیل جانے کا خدشہ ہے۔ اہالیان محلہ نے کہا ہے کہ محلہ قصاباں‘ محلہ رحمانیہ‘ محلہ کشمیریاں‘ محلہ درزیاں‘ محلہ بلہڑاں اور محلہ یتیم شاہ کی طرف جانے کے لئے اس مرکزی راستے کو کوھلا جائے تا کہ لوگوں کو ریلیف مل سکے ورنہ اہل محلہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔