اپریل 20, 2026

متحدہ عرب امارات کا آبنائے ہرمز کو غیر مشروط طور پر کھولنے کا مطالبہ، امریکہ میں 1.4 ٹریلین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو مکمل اور غیر مشروط طور پر کھولنے کا پرزور مطالبہ کر دیا ہے۔ واشنگٹن میں منعقدہ بین الاقوامی معاشی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز جیسی بین الاقوامی گزرگاہوں پر کسی ایک ملک کا کنٹرول نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ سب کے مشترکہ مفاد کی حامل ہوتی ہیں۔

ریم الہاشمی نے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ راستہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں سے دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ توانائی اور دیگر کلیدی اشیاء گزرتی ہیں۔ حالیہ کشیدگی اور ایرانی حملوں کے تناظر میں ان کا کہنا تھا کہ اماراتی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ یو اے ای کا طرز زندگی نہ صرف خوشحالی بلکہ ایک محفوظ ماحول بھی فراہم کرتا ہے۔

اسی موقع پر اماراتی وزیر نے امریکہ کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے آئندہ 10 سالوں میں امریکی معیشت میں مزید 1.4 ٹریلین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای پہلے ہی ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور حالیہ علاقائی صورتحال نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔