گلیانہ( رپورٹ : ڈاکٹر انصر فاروق مغل)
یونیورسٹی آف گجرات کی طالبات کو لے جانے والی بس سے کار کے تصادم اور ڈرائیور پر تشدد کے واقعے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کی گاڑی، جسے ڈرائیور نوید احمد چلا رہا تھا، طالبات کو یونیورسٹی سے وزیرآباد لے جا رہی تھی کہ چناب لا کالج کے قریب ایک تیز رفتار کار (نمبر BFD-933) نے راستہ نہ ہونے کے باوجود زبردستی گزرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے کے فوراً بعد کار میں سوار افراد نے آپے سے باہر ہو کر بس ڈرائیور کو زبردستی نیچے اتارا اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر گجرات پولیس کی نفری فوری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ملزمان کی کار کو بھی قبضے میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے





