اکتوبر 29, 2026

جہلم: ڈی پی او شفیق احمد چوہدری کا اردل روم، پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی

جہلم (محمد زاہد خورشید) پولیس لائنز جہلم میں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ اردل روم کے دوران ڈی پی او نے پیش ہونے والے افسران اور اہلکاروں کے مؤقف کو تفصیل سے سنا اور میرٹ پر احکامات جاری کیے۔

شوکاز نوٹسز کے فیصلے کے مطابق فرائض میں غفلت برتنے پر 5 پولیس اہلکاروں کی سروس ضبطگی، 1 اہلکار کو جرمانہ، 1 اہلکار کو سنشور، 2 اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز فائل اور 4 اہلکاروں کو وارننگ دی گئی۔

ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ نظم و ضبط اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں سے کہا کہ اپنے فرائض ایمانداری، محنت اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہترین نظم و ضبط اور اعلیٰ تربیت ہی ایک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے، جبکہ نااہل، کام چور اور بددیانت اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں۔