اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ کیس کی سماعت 31 مارچ کو جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا، جس میں جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔
عمران خان کی جانب سے دائر اپیل میں ہتک عزت کیس کے ٹرائل کے دوران شواہد ریکارڈ کرنے کے عمل پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شواہد کے اندراج کے طریقہ کار پر قانونی نکات کو مدنظر رکھا جائے۔
یاد رہے کہ پاناما کیس کے دوران عمران خان نے شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی مبینہ پیشکش کا الزام عائد کیا تھا، جسے شہباز شریف نے مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا تھا۔ اس کیس کی آئندہ سماعت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔




