متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کے لیے امریکی قیادت میں ممکنہ اقدامات کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اماراتی صدر کے معاون خصوصی انور قرقاش نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی توانائی کی ترسیل کا تحفظ تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے بڑی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے، اس لیے اس کے تحفظ کو یقینی بنانا عالمی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے پیش نظر بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔
اماراتی حکام کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث اہم بحری راستوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق رہے تو اس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی منڈیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں، کیونکہ دنیا کی بڑی توانائی سپلائی اسی راستے سے گزرتی ہے۔




