اپریل 16, 2026

وفاقی وزیر خزانہ کی مارچ کے لیے پیٹرولیم ذخائر مکمل طور پر محفوظ ہونے کی یقین دہانی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مارچ کے لیے پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم کی نگرانی سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ایندھن کے وافر ذخائر اور سپلائی چین سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر، خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قومی پوزیشن کا جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں درآمدی انتظامات، سپلائی چین کی لاجسٹکس، اور اپریل کے لیے دستیابی کی منصوبہ بندی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ کی پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ کر لی گئی ہیں، اور اپریل کے وسط تک ایندھن کی دستیابی یقینی ہے۔ اپریل کے آخر تک فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم کی بلا تعطل دستیابی کے لیے مکمل متحرک ہے، موجودہ ذخائر اور سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے، اور عوام کو گھبراہٹ میں خریداری یا غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔