اکتوبر 29, 2026

جہلم: مہربانی ویلفیئر شاپ کے زیرِ اہتمام مستحقین میں عید کے کپڑوں اور عیدی کی تقسیم


سرائے عالمگیر(ڈاکٹر تصور حسین مرزا) ڈپٹی کمشنر جہلم کے ویژن کے مطابق مہربانی ویلفیئر شاپ کے زیرِ اہتمام مستحقین میں عید کے کپڑوں اور عیدی کی تقسیم, تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ویژن اور فلاحِ انسانیت کے جذبے کے تحت مہربانی ویلفیئر شاپ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔تقریب کی بانی ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور ان کی فعال ٹیم نے عید الفطر کی مناسبت سے دوسری بار نئے کپڑوں کی تقسیم کی مہم کو کامیابی سے مکمل کیا۔اس تقریب میں شانتی نگر کی جھگیوں میں مقیم انتہائی غریب گھرانوں کے بچوں، مقامی پرائمری سکول کے مستحق طلباء اور بیوہ خواتین کو نئے ملبوسات فراہم کیے گئے۔​تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان، ڈاکٹر ساجد علی ڈوگہ اور ڈاکٹر آصف مختیار ملک تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ڈاکٹر ثمن، ڈاکٹر عبدالغفور ملک، حاجی اسلام قریشی، ایڈوکیٹ فرحت کمال ضیاء، مس فلک ناز سیٹھی، مسز تنویر جہاں آراء اور چیئرمین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس ضلع جہلم عبدالغفور چوہان بھی شامل تھے۔​مستحقین میں نئے کپڑوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نقد عیدی بھی تقسیم کی گئی تاکہ وہ اپنی دیگر ضروریات پوری کر سکیں۔اس موقع پر مقررین نے ڈاکٹر شہزانہ امتیاز کی انسانی ہمدردی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سفید پوش اور غریب طبقے کی دست گیری ہی اصل عبادت ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی