اکتوبر 28, 2026

آبنائے ہرمز نہ کھلی تو نیٹو کا مستقبل خطرے میں، صدر ٹرمپ کی اتحادیوں کو کھلی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادی ممالک کو دو ٹوک دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ آبنائے ہرمز کو کھولنے میں مدد کرنے میں ناکام رہے تو نیٹو کا مستقبل انتہائی بھیانک ہوگا، برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت ایران سے بات چیت کی کوشش کر رہے ہیں لیکن فی الحال ایران کسی سمجھوتے کے لیے تیار نظر نہیں آتا، صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کی حفاظت اور اسے محفوظ بنانے کے لیے سات بڑے ممالک سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس اہم ترین بحری گزرگاہ کی حفاظت کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں، اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل پہلے ہی اس مقصد کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، صدر ٹرمپ نے سخت لہجے میں یہ بھی کہا کہ نیٹو کے لیے اب یہ ناگزیر ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنا تعاون فراہم کرے ورنہ اسے سنگین مستقبل کے لیے تیار رہنا ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ امریکی صدر نے چین کے ساتھ ہونے والی طے شدہ ملاقات کو بھی مشروط کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ چینی صدر سے ملاقات اسی صورت میں ہو سکتی ہے جب آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھانے والے ممالک وہاں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں، واضح رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ ہفتے چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر سے اپنے جنگی جہاز خطے میں بھیجنے کی اپیل کی تھی، تاہم صدر ٹرمپ کی اس جذباتی اپیل پر تاحال عالمی برادری کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے اور اب تک کسی ایک ملک نے بھی خطے میں اپنی بحری موجودگی بڑھانے کا اعلان نہیں کیا جس کے باعث صدر ٹرمپ کے لہجے میں شدید تلخی اور ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔