اکتوبر 28, 2026

دی ہنڈرڈ لیگ: کاویا مران کی ٹیم نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو کروڑوں روپے میں خرید لیا

انگلینڈ کی مشہور ٹی20 طرز کی کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ 2026 کی پلیئر آکشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی توجہ ملی ہے اور مسٹری اسپنر ابرار احمد بڑی قیمت پر منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

آکشن کے دوران آئی پی ایل فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد سے منسلک گروپ کی ٹیم سن رائزرز لیڈز نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ میں سائن کر لیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 کروڑ 12 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

اسی طرح برمنگھم فینکس نے پاکستان کے ایک اور اسپنر عثمان طارق کو 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ یعنی تقریباً 5 کروڑ 32 لاکھ پاکستانی روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

دی ہنڈرڈ لیگ کے لیے اس بار کئی پاکستانی کرکٹرز نے رجسٹریشن کروائی تھی تاہم اب تک صرف دو کھلاڑیوں کو ہی ٹیموں نے منتخب کیا ہے۔

آکشن سے قبل یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی تھیں کہ بھارت سے منسلک گروپس انگلینڈ کے اس ٹورنامنٹ میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو نہیں خریدیں گے، تاہم سن رائزرز لیڈز کی جانب سے ابرار احمد کو منتخب کرنے کے بعد یہ تاثر غلط ثابت ہوا۔

اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث دیکھنے میں آئی اور آئی پی ایل فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد اور سن رائزرز لیڈز کی کو اونر کاویا مران کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ انہوں نے پاکستانی کھلاڑی کو ٹیم میں کیوں شامل کیا۔