ڈھاکا: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ڈھاکا کے شیربنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا ہدف صرف 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نجم الحسین شنتو نے 27 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صاحبزادہ فرحان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ شمائل حسین صرف 4 رنز بنا سکے۔ اپنے پہلے ون ڈے میچ میں معاذ صداقت بھی 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیشی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا اور پوری ٹیم کو 30.1 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ کر دیا جو بنگلادیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا کم ترین اسکور بھی ہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان 10، سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، عبدالصمد صفر، شاہین آفریدی 4 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو اس وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے کیونکہ اس پچ پر 270 سے 280 رنز ایک اچھا مجموعہ ہو سکتا تھا۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو بھی کیا جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شامل حسین شامل ہیں۔





