اکتوبر 29, 2026

تیل کی عالمی قیمتیں بڑھیں تو عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے، حکومت اضافی قیمت برداشت کرے گی: جام کمال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت کوشش کرے گی کہ اس کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے بلکہ اضافی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کام کر رہا ہے، اس لیے ایکسپورٹرز کو زیادہ سبسڈی دینا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی دینا معاشی معاہدوں اور شرائط پر منحصر ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔

جام کمال خان نے بتایا کہ اس وقت عمان، فجیرہ اور بحیرہ احمر کے راستوں سے پاکستان کی تجارت متاثر نہیں ہوئی۔ تاہم قطر، بحرین اور دبئی میں تجارتی بیڑے متاثر ہوئے ہیں جبکہ کراچی پورٹ پر مشرق وسطیٰ جانے والے کچھ جہاز رکے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر، عمان، بحرین اور سعودی عرب کے ساتھ متبادل تجارتی راستوں پر بات چیت جاری ہے جبکہ تیل کی ترسیل کویت، سعودی عرب اور قطر سے متبادل روٹس کے ذریعے جاری ہے۔

وفاقی وزیر تجارت کے مطابق پاکستان سمیت دیگر ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کی صورتحال متاثر ہوتی ہے تو اس کے اثرات پاکستان کے بلوچستان پر بھی معاشی اور سیاسی طور پر پڑ سکتے ہیں۔