اکتوبر 28, 2026

رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ شروع، لاکھوں مسلمان مساجد میں اعتکاف بیٹھ گئے

رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام ہوگیا ہے جس کے بعد تیسرے عشرے کے آغاز پر آج بعد نماز عصر لاکھوں فرزندانِ توحید اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں۔ شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی نیت سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہا جاتا ہے۔

ملک بھر کی لاکھوں مساجد میں ہزاروں مسلمان نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں جبکہ کئی مساجد میں معتکفین کے کوائف بھی جمع کیے گئے ہیں۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لیے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں جبکہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا انتظام ان کے اہلخانہ کرتے ہیں۔

رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان شب بھر اللہ تعالیٰ کے حضور عبادت کرتے ہوئے دعائیں اور مناجات پیش کریں گے جبکہ معتکفین خصوصی طور پر عبادت اور ذکر و اذکار کا اہتمام کریں گے۔

محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مساجد میں بھی معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور اعتکاف کرنے والے افراد شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔