مصر کے شہر اسماعیلہ میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے آسٹریا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی کامیابیوں کی ہیٹ ٹریک مکمل کر لی ہے۔ میچ کے تیسرے کوارٹر تک پاکستان کو دو صفر کی برتری حاصل تھی، جبکہ چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید دو گول کر کے اپنی جیت یقینی بنائی۔ پاکستان کی جانب سے ابوبکر نے 2، جبکہ اظفر اور سفیان خان نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ قومی ہاکی ٹیم اب جمعہ کو سیمی فائنل کھیلے گی، جہاں کامیابی کی صورت میں پاکستان براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے پاس 8 سال بعد ورلڈ کپ کھیلنے کا یہ سنہری موقع ہے، قومی ٹیم نے آخری بار 2018 میں ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔





