اکتوبر 29, 2026

ایک سال سے رینوویشن کے لئے گرائی گئی 100 سالہ گورنمنٹ ہائی سکول ڈنگہ کی عمارت کا ایک بلاک کھنڈر میں تبدیل

ڈنگہ (سٹی رپورٹر) ایک سال سے رینوویشن کے لئے گرائی گئی 100 سالہ گورنمنٹ ہائی سکول ڈنگہ کی عمارت کا ایک بلاک کھنڈر میں تبدیل۔ خوبصورت پارک میں بکھری اینٹیں عمارتی ٹکڑے ہزار سالہ پرانی عمارت نظر آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم پی اے چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے 20 فروری 2025ء کو گورنمنٹ ہائی سکول کی مین بلڈنگ کے شمالی بلاک کے 6 کلاس رومز اور ایک مین ہال کی پرانی چھتیں تبدیل کرنے کے لئے 58 لاکھ کی لاگت سے رینوویشن منصوبے کا افتتاح کیا تا ہم کمروں کی چھتوں پر لگے قیمتی آہنی گارڈرز اکھاڑ کر ٹھیکے دار لے گیا۔ صرف 2 کمروں کی چھت بنانے کے بعد 3 کلاس رومز اور ایک مین ہال کی چھتیں اتارنے کے بعد ایک سال سے دوبار ہ نہیں تعمیر کی گئیں۔ اس بلاک کے سامنے خوبصورت پارک اور پھولوں کی کیاریاں ہوتی تھیں جو تاریخی عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی تھیں لیکن اب ان پارکوں میں کوڑا کرکٹ نظر آتا ہے۔ چھتیں اتار لینے کے بعد خالی کمروں میں بارشوں کا پانی آنے اور ااتاری گئی مٹی اور ٹوٹی اینٹیں بکھری پڑی ہیں۔ خدشہ ہے کہ زہریلے کیڑے بھی ان میں ہو سکتے ہیں۔ اس لئے اس پورے بلاک کو تاریں لگا کر طلباء کے ادھر جانے کو بھی روک دیا گیا ہے۔ ادھر مارچ میں نیا تعلیمی سیشن شروع ہونے والا ہے سکول میں پہلے ہی 13 سو طلباء موجود ہیں جبکہ یہ تمام کمرے اب طلباء کو اندر بٹھانے کے قابل نہیں رہے۔ والدین نے ایم پی اے چوہدری اعجاز احمد رنیاں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ایک سال قبل شروع کردہ منصوبے کی تکمیل کا فوری نوٹس لیں تا کہ سکول کی تباہ ہوتی خوبصورتی کو بچایا جا سکے۔ نیز طلباء ان تمام کلاس رومز میں تعلیم جاری رکھ سکیں۔