اکتوبر 28, 2026

ایران پر سخت ترین حملے ہونا ابھی باقی ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی نئی وارننگ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے حوالے سے نئی اور سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اصل اور سخت ترین حملے ہونا ابھی باقی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں "رجیم چینج” یعنی حکومت کی تبدیلی موجودہ امریکی فوجی آپریشن کا باضابطہ ہدف نہیں ہے، تاہم امریکہ کی تمام تر توجہ ایران کے میزائل پروگرام، ان کی تیاری کی صلاحیت اور بحری طاقت کو مکمل طور پر تباہ کرنے پر مرکوز ہے۔ مارکو روبیو نے واضح کیا کہ واشنگٹن اس بات کو ہر صورت یقینی بنائے گا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔ امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایرانی عوام خود اپنی حکومت کا تختہ الٹ دیں تو امریکہ اس کا خیر مقدم کرے گا لیکن یہ موجودہ فوجی مقاصد کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ فضائی اور بحری حملے جاری رہیں گے، تاہم فی الحال ایران میں زمینی افواج داخل کرنے کی کوئی تیاری نہیں کی گئی۔