اکتوبر 29, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست: کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ داری قبول کر لی، کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ وطن واپسی پر ہوگا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے اخراج اور شکست کی مکمل ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ کینڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم نے انڈر پرفارم کیا اور ہم پریشر میں آکر درست فیصلے کرنے میں ناکام رہے، یہی وجہ ہے کہ مسلسل چوتھے ٹورنامنٹ میں ہم سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اور کوچ اس شکست کے برابر کے ذمہ دار ہیں کیونکہ سلیکشن اور پلیئنگ الیون کی تشکیل ان کی باہمی مشاورت سے ہوئی تھی۔ سلمان علی آغا نے صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی کی تعریف کی تاہم اعتراف کیا کہ ان کے علاوہ بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔ فخر زمان کی دیر سے شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ فخر کی فارم پہلے اچھی نہیں تھی مگر انہوں نے سری لنکا کے خلاف غیر معمولی اننگز کھیل کر ثابت کیا کہ ہمیں پاور پلے میں ایسی ہی بیٹنگ کی ضرورت تھی۔ اپنی کپتانی کے مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی بھی فیصلہ کرنا جذباتی پن ہوگا، وہ وطن واپسی پر چند روز سوچ بچار کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔