ڈھاکہ: وفاقی وزیر احسن اقبال نے ڈھاکہ میں نومنتخب بنگلا دیشی وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کی اور انہیں دورۂ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی۔
احسن اقبال نے طارق رحمان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دوطرفہ تجارت میں اضافے، بحری روابط کے فروغ اور سپلائی چین انضمام کو مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر “بنگلا دیش-پاکستان نالج کاریڈور” کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ تعلیمی اور تحقیقی روابط کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم طارق رحمان نے پاکستان کے اپنے سابقہ دورے کو یاد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف سے اپنی والدہ مرحومہ خالدہ ضیاء کے ہمراہ ہونے والی ملاقاتوں کو خوشگوار اور یادگار قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔




